پیٹرول ڈیلرز کا احتجاج، حکومتی ریلیف سکیم پر پیٹرول دینے سے انکار

کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومتی ریلیف سکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ طریقہ کار کے تحت صارفین کو پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین انوار کمال نے کہا کہ ریلیف سکیم کی تیاری میں ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی اور موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد مشکل ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو براہ راست اور آسان طریقے سے ریلیف فراہم کیا جائے۔ انوار کمال کے مطابق مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی متاثر ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے اربوں روپے کے واجبات بھی زیرِ التوا ہیں۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ ریلیف سکیم کا مالی بوجھ ڈیلرز پر ڈالنا قابلِ عمل نہیں، ڈیلرز مارجن میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی موجودہ ریلیف سکیم کے تحت پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔
انوار کمال کا کہنا تھا کہ حکومت سستے پیٹرول کی رقم ڈیلرز کو کس طریقہ کار کے تحت ادا کرے گی، اس پر وضاحت درکار ہے۔ ان کے مطابق ڈیلرز گزشتہ تین روز سے حکومت سے رابطے میں ہیں، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔



