ایف سی پورٹو کا سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی سے معاہدہ، پاکستان میں پہلی ڈریگن فورس اکیڈمی قائم ہوگی

پرتگال کے معروف فٹبال کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا، جس کے تحت پاکستان میں ایف سی پورٹو کی پہلی ڈریگن فورس اکیڈمی قائم کی جائے گی۔
شراکت داری کے تحت پاکستانی نوجوان فٹبالرز کو جدید اور جامع تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ ایف سی پورٹو پاکستانی کھلاڑیوں، کوچز اور منیجرز کی تربیت میں بھی معاونت کرے گا۔
اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے فٹبال طریقۂ کار اور تربیتی نظام سے روشناس کرایا جائے گا، جس کا مقصد انہیں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایف سی پورٹو کی ڈریگن فورس اکیڈمیز میکسیکو، برازیل، کولمبیا، ترکیہ، موزمبیق اور بھارت سمیت دنیا کے 10 ممالک میں پہلے ہی قائم ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی سفارتخانے کی معاونت سے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے درمیان یہ شراکت داری طے پائی ہے۔



