تنیشا مکھرجی کی شادی شدہ مردوں سے تعلقات رکھنے والی خواتین پر کڑی تنقید

بالی ووڈ اداکارہ تنیشا مکھرجی نے شادی شدہ مردوں کے ساتھ تعلقات رکھنے والی خواتین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تعلقات خواتین کے خلاف رویے کے مترادف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں تنیشا مکھرجی نے کہا کہ جو خواتین شادی شدہ مردوں کے ساتھ تعلقات رکھتی ہیں، وہ دراصل دوسری خواتین کی بے عزتی کرتی ہیں، کیونکہ کسی دوسری عورت کے شوہر کے ساتھ تعلق رکھنا اس کی بیوی کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تعلقات میں مرد بھی برابر کے ذمہ دار ہیں اور ان کا کردار بھی قابلِ سوال ہے۔ تنیشا کے مطابق شادی شدہ مردوں کے پیچھے جانے والی خواتین کو بچوں کے لیے رول ماڈل نہیں ہونا چاہیے۔
تنیشا مکھرجی کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شادی شدہ مرد اور تعلق رکھنے والی خاتون دونوں برابر کے ذمہ دار ہیں۔
تاہم کچھ صارفین نے تنیشا کے مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے بالی ووڈ کی ماضی کی معروف شخصیات اور اداکاراؤں کے تعلقات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایسے معاملات میں صرف خواتین کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے شادی شدہ مردوں کے کردار پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
کام کے حوالے سے تنیشا مکھرجی کو آخری بار 2024 کی دیومالائی اینیمیٹڈ ڈراما فلم ’لو یو شنکر‘ میں دیکھا گیا تھا۔



