عراقی ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب نے یورپ کو خام تیل کی سپلائی روک دی

ریاض: سعودی عرب نے ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر عراقی ملیشیا کے ڈرون حملوں کے بعد یورپ کو خام تیل کی سپلائی روک دی۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ دنوں ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر عراق سے ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔
حملوں کے بعد سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں واقع تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے باعث ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی آرامکو نے یورپی ریفائنریوں کے لیے خام تیل کے متعدد کارگو منسوخ یا مؤخر کردیے ہیں، جس کے بعد یورپ میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کی طویل بندش کے باعث گزشتہ 6 ماہ سے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن مشرقِ وسطیٰ سے عالمی منڈیوں تک تیل پہنچانے کا اہم متبادل راستہ بنی ہوئی تھی۔ پائپ لائن کے ذریعے روزانہ تقریباً 40 لاکھ سے 50 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کیا جاتا تھا۔
امریکی انرجی سیکریٹری کرس رائٹ کے مطابق پائپ لائن چند دنوں میں دوبارہ فعال کی جاسکتی ہے، تاہم برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کی مکمل مرمت میں 3 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔



