پریانکا چوپڑا کی آمد پر سکھویندر سنگھ تقریب چھوڑ کر چلے گئے، سلیم مرچنٹ کا انکشاف

بالی ووڈ سے ہالی ووڈ تک کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی شہرت سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ موسیقار سلیم مرچنٹ نے بیان کردیا۔
سلیم مرچنٹ کے مطابق ایک تقریب میں لیجنڈری گلوکار سکھویندر سنگھ پرفارم کر رہے تھے کہ اسی دوران پریانکا چوپڑا وہاں پہنچیں۔ اس وقت پریانکا اپنے ہالی ووڈ ٹی وی شو ’کوانٹیکو‘ کی کامیابی کے باعث عالمی سطح پر خاصی مقبول ہوچکی تھیں۔
سلیم مرچنٹ نے بتایا کہ پریانکا کی آمد کے بعد میڈیا اور تقریب میں موجود دیگر افراد کی تمام تر توجہ ان کی جانب ہوگئی، جس کے باعث سکھویندر سنگھ خود کو نظرانداز محسوس کرنے لگے۔ وہ اس صورتحال سے دلبرداشتہ ہوئے اور تقریب چھوڑ کر چلے گئے، جبکہ سلیم مرچنٹ بھی ان کے ساتھ چلے گئے۔
یہ واقعہ اس دور کا ہے جب پریانکا چوپڑا ’کوانٹیکو‘ کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ میں بھی واپس آئی تھیں اور 2016 میں پرکاش جھا کی فلم ’جے گنگا جل‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
پریانکا چوپڑا اب ایس ایس راجامولی کی فلم ’وارانسی‘ میں مہیش بابو اور پرتھوی راج سوکمارن کے ساتھ نظر آئیں گی۔ فلم کی عالمی ریلیز 7 اپریل 2027 کو متوقع ہے۔ ان کے آئندہ منصوبوں میں اورلینڈو بلوم کے ساتھ ’ری سیٹ‘ بھی شامل ہے۔



