health & Foodlatest newsWorld

جاپان میں 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی

جاپان میں پہلی بار 100 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

جاپان کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اس وقت ایک لاکھ 7 ہزار 677 افراد ایسے ہیں جن کی عمریں 100 سال یا اس سے زائد ہیں، جو دنیا میں اس عمر کے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاپان کے سو سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں 88 فیصد خواتین شامل ہیں۔ ملک کی معمر ترین خاتون کیوٹو شہر کی 114 سالہ کیشیموتو فیویو جبکہ معمر ترین مرد کوماموتو کے 112 سالہ کاتو ہیکارو ہیں۔

جاپان کے وزیر صحت کینیچیرو اونو نے طب اور ٹیکنالوجی میں ترقی کو طویل عمری کی ایک اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ طویل، صحت مند اور فعال زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے سماجی تحفظ کے پائیدار نظام کو برقرار رکھنے میں درپیش چیلنجز سے بھی خبردار کیا۔

ماہرین کے مطابق جاپانی شہریوں کی طویل عمری میں صحت بخش غذا اور فعال طرز زندگی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جاپانی خوراک میں مچھلی، سبزیاں اور چاول نمایاں ہیں جبکہ مغربی غذاؤں کے مقابلے میں سیچوریٹڈ فیٹ کی مقدار کم ہوتی ہے۔

جاپان کی آبادی گزشتہ کئی برسوں سے تیزی سے معمر ہو رہی ہے۔ ملک میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کل آبادی کا تقریباً 30 فیصد ہیں، جبکہ توقع ہے کہ 2070 تک یہ شرح 40 فیصد کے قریب پہنچ جائے گی۔

بڑھتی ہوئی بزرگ آبادی کے باعث جاپان میں بزرگوں کے لیے جدید مصنوعات کی طلب بھی بڑھ رہی ہے، جن میں جسم کی حرکت میں معاونت کرنے والے پاورڈ ایکزو اسکیلیٹن اور خودکار فوکس ایڈجسٹ کرنے والی جدید عینکیں شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button