قرآن فہمی باشعور اور باکردار معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ

لاہور(شیخ طاہرعلی) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ قرآن کریم انسانی زندگی کے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور فکری و اخلاقی رہنمائی کا سرچشمہ ہے، جبکہ امتِ مسلمہ کی علمی، اخلاقی اور تہذیبی قوت کا راز قرآن کریم کے ساتھ گہرے تعلق اور اس کی تعلیمات کو سمجھ کر عملی زندگی میں نافذ کرنے میں مضمر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام خاتم النبیینؐ یونیورسٹی، قرآن بورڈ بلڈنگ اپر مال سکیم لاہور میں منعقدہ 41ویں صوبائی مقابلہ جات حفظ و حسنِ قرأت کے پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو قرآن کے پیغام، مفاہیم اور عالمگیر تعلیمات سے روشناس کرانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ قرآن انسان کو غور و فکر، تدبر، علم، عدل، برداشت اور حسنِ کردار کی دعوت دیتا ہے، اس لیے قرآن فہمی کا فروغ ایک باشعور، باکردار اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب قرآنی تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کو قرآن کریم سے جوڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور احمد الرحمن، پبلک ریلیشنز آفیسر اوقاف محمد مشتاق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مقابلہ جات میں بچیوں اور خواتین کی حفظ القرآن کی کیٹیگری نمبر 5، پارہ 1 تا 30 میں سیدہ حفظہ امجد نے جبکہ کیٹیگری نمبر 6، پارہ 1 تا 20 میں بشریٰ بی بی دختر اعظم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح کیٹیگری نمبر 9 خواتین قاریہ میں فاطمہ امجد اور کیٹیگری نمبر 10 بچیاں قاریہ میں حمنہ سلیم پہلی پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔
صوبائی مقابلہ جات حفظ و حسنِ قرأت کا دوسرا سیشن 16 ستمبر 2026ء کو خاتم النبیینؐ یونیورسٹی، قرآن بورڈ بلڈنگ اپر مال سکیم لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں مرد حفاظِ کرام اور قراء حضرات حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ قومی مقابلہ حفظ و قرأت 1448/2026ء میں صوبائی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے حفاظِ کرام اور قراء حضرات پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی مقابلہ جات میں شرکت کریں گے۔ قومی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا کو بعد ازاں بین الاقوامی مقابلہ جات میں شرکت کا موقع ملے گا۔
تقریب کے اختتام پر مقابلہ جات کے شرکا میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے اسناد اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔



