سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں، ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لارجر بینچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو سڑکوں، شاہراہوں یا دیگر عوامی مقامات پر قبضے اور شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا قانونی حق نہیں۔
عدالت نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ سرکاری مشینری، فنڈز، گاڑیاں یا دیگر وسائل سیاسی جماعت کے احتجاج، مارچ یا ریلی کے لیے استعمال نہ ہونے دیے جائیں۔ کسی سرکاری ملازم کو احتجاج میں شرکت پر مجبور کرنے سے بھی روکا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ کو شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔
عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو بھی ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔



