بھارتی ویمنز ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی ویمنز ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی، جس کے باعث انعامات کی تقریب فاتح ٹیم کے بغیر ہی مکمل ہوگئی۔
دبئی میں ہونے والی تقریب کے دوران محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی۔ نتیجتاً بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی اور اے سی سی نے ٹرافی اپنے پاس رکھ لی۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے طے تھا اور فاتح ٹیم کے لیے ٹرافی دستیاب تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے خود اسے وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ٹرافی وصول کرے گی تو وہ محسن نقوی ہی سے وصول کرے گی۔
دوسری جانب سری لنکن ویمنز ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے محسن نقوی سے رنرز اپ کا انعام وصول کیا۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں کہ کرکٹ کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے کھیل اور اس کی روایات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کا یہ طرز عمل ایک سال کے دوران دوسری مرتبہ سامنے آیا ہے۔
کرکٹ حلقوں میں بھارتی ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے تناظر میں تنقید کا سامنا ہے، جبکہ اے سی سی نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔



