latest newsShowbiz

علی عظمت کا نیا گانا ’یہاں وہاں‘ ریلیز، سیاست اور عالمی مسائل پر کھل کر اظہار

کراچی: جنون بینڈ کے معروف گلوکار علی عظمت نئے میوزک کے ساتھ واپس آگئے، تاہم اس بار بھی انہوں نے اپنے فن کے ذریعے سیاست اور دنیا کے حالات پر اظہار خیال کیا ہے۔

علی عظمت نے ہفتے کے روز اپنا نیا سنگل ’یہاں وہاں‘ ریلیز کیا، جس کے ساتھ ایک ڈسٹوپین طرز کی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو کے آغاز میں درج وضاحت کے مطابق اسے انسانی ہدایت اور جنریٹو اے آئی ٹولز کے امتزاج سے تیار کیا گیا ہے۔

گانے میں مختلف نوعیت کے انسانی دکھ اور مشکلات کو موضوع بنایا گیا ہے، جنہیں ’یہاں، وہاں، کہاں کہاں‘ کے الفاظ کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلی تکالیف سے جوڑا گیا ہے۔

سائنس فکشن فلم جیسی ویڈیو میں علی عظمت کو ایک محفوظ مرکز میں قید دکھایا گیا ہے، جہاں انہیں زبردستی نامعلوم مواد کے انجیکشن لگائے جاتے ہیں۔ بعد ازاں وہ اپنے اغوا کاروں پر قابو پاکر فرار ہوجاتے ہیں اور ایک ایسی جگہ پہنچتے ہیں جہاں شیشے کے ٹینکوں میں انسانی کلون موجود ہیں جبکہ وی آر چشمے پہنے افراد کو ’OBEY‘ یعنی ’اطاعت کرو‘ کا پیغام دیا جا رہا ہے۔

ویڈیو میں غربت، خوراک کی قلت، موسمیاتی تباہی، جنگوں اور عسکری صنعتی نظام سمیت دنیا بھر میں موجود مختلف مسائل کی عکاسی کی گئی ہے۔ علی عظمت گانے کے ذریعے ظلم کی زنجیریں توڑنے اور لوگوں کو متحد ہوکر بہتر زندگی کے لیے جدوجہد کرنے کا پیغام دیتے ہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر علی عظمت کو زندہ بچ جانے والے افراد کے ایک گروہ کی قیادت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو فوجیوں اور ایک بکتر بند گاڑی کے سامنے کھڑے ہیں۔

تقریباً ساڑھے پانچ منٹ دورانیے کی ’یہاں وہاں‘ کی ویڈیو میں گرافک مناظر اور مصنوعی تشدد شامل ہے، اس لیے حساس مزاج ناظرین کے لیے احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ ویڈیو کی تیاری میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے، تاہم یہ علی عظمت کی جانب سے دنیا کو درپیش مختلف مسائل کو ایک ساتھ اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔ تاہم تخلیقی شعبے میں جنریٹو اے آئی کے استعمال پر جاری عالمی بحث کے باعث یہ دیکھنا باقی ہے کہ شائقین اور ناقدین کی جانب سے اس کا ردعمل کیسا سامنے آتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button