آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کی امریکا کو 7 شرائط

تہران: ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے 7 شرائط رکھ دی ہیں اور واضح کیا ہے کہ شرائط پوری نہ ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو 7 شرائط پیش کی ہیں، تاہم ان شرائط کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ایرانی حکام نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آبنائے ہرمز بدستور بند رہے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق تہران پیر کو مسقط میں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شریک ممالک کو نئے بحری راستے اور ٹرانزٹ کے انتظامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر ایرانی پانیوں سے گزرے گا جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے کا راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں سے گزرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرانزٹ ایرانی پروٹوکول کے تحت ہوگا، جبکہ جنوبی راستہ، جسے امریکا کھولنے پر زور دے رہا ہے، بند کردیا جائے گا۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ عمان کے ساتھ پیر کو طے پانے والا معاہدہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کا باعث نہیں بنے گا۔



