سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی

اوٹاوا: کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی ’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘ قائم کردی۔
کمپنی کا نام اس جملے سے متاثر ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں لبرل پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی تقاریر میں باقاعدگی سے استعمال کیا۔ وہ 2015 سے 2025 تک تقریباً 9 سال کینیڈا کے وزیراعظم رہے۔
نئی کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق اس کا مقصد فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور لائیو تجربات کے ذریعے ایسی کہانیاں پیش کرنا ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور آپس میں جڑنے میں مدد دیں۔
جسٹن ٹروڈو نے یہ کمپنی اپنے دیرینہ چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر قائم کی ہے۔ کمپنی کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول جاری ہے، جو 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔
54 سالہ ٹروڈو نے گزشتہ سال جنوری میں وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہیں لبرل پارٹی کے ہی رہنما مارک کارنی نے وزیراعظم کے طور پر کامیابی حاصل کی۔
عہدہ چھوڑنے کے بعد ٹروڈو نے نسبتاً کم عوامی سرگرمیاں کی ہیں، تاہم انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم ڈیوس سمیت مختلف تقریبات میں خطاب کیا۔ امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ ان کے تعلقات بھی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔
ٹروڈو کا انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں قدم سابق امریکی صدر باراک اوباما اور سابق خاتون اول مشیل اوباما کی جانب سے 2018 میں قائم کی گئی پروڈکشن کمپنی ’ہائیئر گراؤنڈ پروڈکشنز‘ کے بعد ایک ایسی ہی مثال ہے، جس نے نیٹ فلکس کے ساتھ فلموں اور ٹی وی سیریز کی تیاری کے لیے معاہدہ کیا تھا۔



