عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’ڈونٹ بی شی‘ کا ٹریلر جاری، چار نئے اداکاروں کا ڈیبیو

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے پروڈکشن بینر ’اٹرنل سن شائن پروڈکشنز‘ نے اپنی نئی فلم ’ڈونٹ بی شی‘ کا ٹریلر جاری کردیا۔ فلم 25 ستمبر سے پرائم ویڈیو پر پیش کی جائے گی۔
رومانوی کامیڈی فلم ’ڈونٹ بی شی‘ میں چار نئے اداکار آروشی باجاج، پیوش کھاتی، بیانکا اروڑہ اور انش دگل مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ سریتی مکھرجی بھی بطور ہدایت کار پہلی بار فلم بنا رہی ہیں۔ انہوں نے ہی فلم کی کہانی بھی تحریر کی ہے۔
فلم میں عالیہ بھٹ نے اداکاری نہیں کی۔ اس حوالے سے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی اس فلم میں خود کردار ادا کرنے کے بارے میں نہیں سوچا۔
عالیہ بھٹ نے کہا کہ اداکاری کے مقابلے میں پروڈیوسر کے طور پر کام کرنا ایک مختلف اور اپنی جگہ خوش آئند تجربہ ہے، کیونکہ اس میں صرف کردار نبھانے کے بجائے ایک پوری دنیا اور کہانی تشکیل دینے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی اداکاری کے آغاز کے 14 سال بعد اب وہ چار نئے اداکاروں اور ایک پہلی بار ہدایت کاری کرنے والی ڈائریکٹر کو متعارف کرا رہی ہیں، جس کی وجہ سے وہ خود ان نوجوان فنکاروں سے زیادہ نروس محسوس کر رہی ہیں۔
فلم کی کہانی شیاملی ’’شی‘‘ داس کے گرد گھومتی ہے، جو ایک خودمختار نوجوان لڑکی ہے اور سمجھتی ہے کہ اس نے اپنی زندگی کا پورا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ تاہم اس کے ذاتی اور رومانوی تعلقات اس کی طے شدہ زندگی کو غیر متوقع مشکلات سے دوچار کردیتے ہیں۔
ٹریلر میں شی کی زندگی میں آنے والے دو مختلف مزاج کے مردوں کے درمیان کشمکش دکھائی گئی ہے۔ مایانک ایک دولت مند اور شوخ مزاج نوجوان ہے جس سے شی ہمیشہ شادی کا تصور کرتی رہی ہے، جبکہ دھرو اس کا خاموش طبیعت بچپن کا دوست ہے۔ اسی دوران آزاد خیال تارا بھی کہانی میں پیچیدگیاں پیدا کرتی ہے۔
فلم کو عالیہ بھٹ نے اپنی بہن شاہین بھٹ کے ساتھ مل کر پروڈیوس کیا ہے، جبکہ گرشما شاہ اور وکیش بھوٹانی شریک پروڈیوسرز ہیں۔
’ڈونٹ بی شی‘ 25 ستمبر کو ہندی زبان میں انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی اور بھارت سمیت دنیا کے 240 سے زائد ممالک اور خطوں میں دستیاب ہوگی۔
عالیہ بھٹ آئندہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ میں رنبیر کپور اور وکی کوشل کے ساتھ بھی نظر آئیں گی، جو جنوری 2027 میں ریلیز ہونے والی ہے۔



