latest newsPolitics

ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے: قادر پٹیل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد ایک بار پھر صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے۔

قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب بھی عوامی حمایت کھوئی، تقسیم اور نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو نئے صوبوں کا لولی پاپ دینے سے پہلے ایم کیو ایم کو اپنے ماضی کا حساب دینا ہوگا۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مصطفیٰ کمال کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی سے وضاحت طلب کی اور کہا کہ مصطفیٰ کمال پہلے خالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات عائد کرچکے ہیں، لہٰذا وہ بتائیں کہ اس وقت مصطفیٰ کمال جھوٹ بول رہے تھے یا آج سچ بول رہے ہیں۔

قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو یہ بھی بتایا جائے کہ بوری بند لاشیں کس کا کلچر تھیں اور بھتے کی لالچ میں کراچی کی صنعتیں کس نے برباد کیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کرے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی بار صوبے کا کارڈ کھیلیں گے، عوام اتنی ہی بار ان سے حساب مانگیں گے۔ سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کسی ایسے سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے جس کا مقصد لسانی بنیادوں پر تقسیم پیدا کرنا ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button