latest newsPoliticsWorld

ایرانی صدر کا برکس میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے اور یکطرفہ پابندیوں کی مزاحمت کا مطالبہ

نئی دہلی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے برکس ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ یکطرفہ پابندیوں کے خلاف مزاحمت کریں اور تنظیم کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مستقل سیکریٹریٹ قائم کیا جائے۔

نئی دہلی میں برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ برکس کے فیصلوں پر مؤثر اور تیز رفتار عملدرآمد کیلئے یکطرفہ پابندیوں کی مزاحمت، مسابقت کو تعاون میں تبدیل کرنے اور مستقل سیکریٹریٹ کے قیام جیسے اقدامات ضروری ہیں۔

ایرانی صدر نے برکس میں ایران کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور اور قومی خودمختاری کے احترام کی بنیاد پر سیاسی رابطہ کاری مضبوط کی جائے، اجارہ دارانہ ذرائع سے آزاد اقتصادی و مالی تعلقات کو فروغ دیا جائے جبکہ سائنس، ٹیکنالوجی، توانائی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے۔

مسعود پزشکیان نے فلسطین کے مسئلے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حصول کو عالمی نظام حکمرانی کی ساکھ اور قانونی حیثیت کا سنجیدہ امتحان قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منصفانہ حل کیلئے فلسطینی عوام کی مرضی کا احترام ضروری ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ برکس کو انصاف کی آواز کے طور پر قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے جائز حقوق کی ضمانت کیلئے زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

دریں اثنا مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ عرب ممالک کے وزرائے خارجہ پیر کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے مشترکہ بحری راستہ قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں ایرانی صدر نے بتایا کہ اجلاس میں ان ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جن کی سرزمین ایران پر امریکی حملوں کیلئے استعمال ہوئی۔ ان کے مطابق معاہدے سے متعلق عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

امریکا کے ساتھ جنگ اور ایران پر معاشی دباؤ کے حوالے سے پزشکیان نے کہا کہ واشنگٹن جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا، اس لیے اقتصادی دباؤ کا سہارا لے رہا ہے، تاہم ایران اپنا مؤقف تبدیل نہیں کرے گا۔

آبنائے ہرمز کی مبینہ امریکی بحری ناکہ بندی پر ایرانی صدر نے کہا کہ ایران مکمل طور پر بحری راستوں پر انحصار نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ناکہ بندی اور حملے ختم ہونے کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button