اے آئی کی ترقی کی رفتار فوری سست کی جائے، ورنہ 6 ماہ میں باغی اے آئی ایجنٹس انٹرنیٹ پر قبضہ کرسکتے ہیں: اینتھروپک سی ای او

اے آئی کمپنی اینتھروپک کے سی ای او داریو اموڈے نے مصنوعی ذہانت کی ترقی کی رفتار فوری طور پر سست کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسا نہ کیا گیا تو آئندہ 6 سے 12 ماہ میں باغی اے آئی ایجنٹس انٹرنیٹ کو ہائی جیک کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں کھربوں ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق معروف اے آئی چیٹ بوٹ کلاڈ بنانے والی کمپنی اینتھروپک کے سربراہ داریو اموڈے نے کہا کہ اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی رفتار کم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کی رفتار کم کرنے کے باوجود اے آئی میں پیش رفت تیز ہی محسوس ہوگی، اس لیے حاصل ہونے والے اضافی وقت کو دانشمندی سے استعمال کرنا ضروری ہے۔
داریو اموڈے نے کہا کہ اینتھروپک یک طرفہ طور پر بیرونی جانچ کرنے والوں کو اپنے اے آئی سسٹمز تک ملازمین جیسی رسائی فراہم کرے گی تاکہ حفاظتی طریقہ کار کا جائزہ لیا جاسکے اور کسی بھی ممکنہ واقعے کی رپورٹنگ کی جاسکے۔
اینتھروپک کے سی ای او نے پوری اے آئی انڈسٹری سے بھی اسی طرز کا طریقہ اپنانے کی اپیل کی ہے تاکہ تیزی سے ترقی کرتی مصنوعی ذہانت سے وابستہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور ان سے نمٹا جاسکے۔



