latest newsPoliticsWorld

پاکستان کی سعودی عرب میں ڈرون حملوں کی شدید مذمت، سعودی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حملے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

سعودی وزارت توانائی کے مطابق ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو جمعرات کی صبح ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں متعدد ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد احتیاطی طور پر پائپ لائن کا آپریشن روک دیا گیا۔ ہنگامی اور تکنیکی ٹیموں نے پائپ لائن کو محفوظ بنانے اور اس کی سلامتی جانچنے کا کام شروع کردیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق حملہ عراق سے داغے گئے متعدد ڈرونز کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں بعض افراد زخمی اور مالی نقصان ہوا۔

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کیا ہے؟

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن، جسے پیٹرولائن بھی کہا جاتا ہے، سعودی عرب کے اہم ترین خام تیل کی ترسیلی نظام میں شامل ہے۔ سعودی سرکاری توانائی کمپنی آرامکو کے زیر انتظام یہ پائپ لائن تقریباً 1200 کلومیٹر طویل ہے اور مشرقی صوبے میں ابقیق سے بحیرہ احمر کے ساحل پر ینبع تک جاتی ہے۔

پائپ لائن کے ذریعے سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے خام تیل بحیرہ احمر کے راستے ریفائنریوں، ذخیرہ گاہوں اور برآمدی ٹرمینلز تک پہنچایا جاتا ہے، جس سے تیل کو آبنائے ہرمز کے بجائے متبادل راستے سے منتقل کرنا ممکن ہوتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مخلصانہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان نے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

حالیہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سعودی عرب اور پاکستان سمیت خطے کے ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بھی مزید مضبوط ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ نافذ العمل ہے اور پاکستان وقت آنے پر معاہدے کی ضروریات کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button