latest newsPolitics

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مریم نواز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیان کے خلاف قرارداد منظور

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے جمعہ کے روز اکثریتی رائے سے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے منسوب صوبوں سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر قانون آفتاب عالم نے معمول کا ایجنڈا معطل کرکے مریم نواز کے بیان پر بحث کرانے کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے منظور کرلیا، تاہم اپوزیشن ارکان نے ایجنڈا معطل کرنے کی مخالفت کی۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد نے مریم نواز کے مبینہ بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان لاعلمی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بیان کو صوبے کے عوام سے متعلق سمجھا جائے تو کیا خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام کو بھی دہشت گرد قرار دیا جائے گا؟

وزیر اطلاعات شفیع جان، وزیر بلدیات مینا خان، معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عادل اور شفیع اللہ نے بھی بیان پر تنقید کی۔ حکومتی ارکان نے الزام عائد کیا کہ سیاسی اور سکیورٹی سے متعلق متعدد واقعات پنجاب میں بھی پیش آئے، تاہم دہشت گردی کا الزام خیبرپختونخوا اور اس کے عوام پر عائد کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ارکان نے کہا کہ وہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مجوزہ مارچ سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور اسے روکنے کی کوششوں کے باوجود مارچ کریں گے، چاہے انہیں نااہلی یا دیگر نتائج کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی آمنہ سردار نے حکومتی ارکان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک بیان کو غیر ضروری طور پر بڑھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پشتون عوام نہیں بلکہ دہشت گردی کا حوالہ دیا تھا اور انہوں نے خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کی۔

آمنہ سردار نے کہا کہ ملک بھر سے فوجی اور سکیورٹی اہلکار خیبرپختونخوا آتے ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، اس لیے ان قربانیوں کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔

وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مریم نواز کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی، سیاسی مقاصد پر مبنی اور خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی توہین قرار دیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی کو کسی مخصوص صوبے یا سیاسی جماعت سے جوڑنا قومی یکجہتی اور وفاقی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مریم نواز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button