بوریوالہ میں شادی شدہ خاتون سے مبینہ نکاح، جعلی نکاح نامہ بنانے پر 4 افراد کے خلاف مقدمہ

بوریوالہ: ماڈل ٹاؤن پولیس نے شادی شدہ خاتون سے مبینہ طور پر نکاح کرنے اور جعلی نکاح نامہ تیار کرنے کے الزام میں دلہا، نکاح خواں اور دو گواہوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
درخواست گزار کے مطابق اس نے 2017 میں خاتون سے شادی کی تھی اور دونوں کے دو بچے ہیں۔ اس کا الزام ہے کہ بابر حسین نے اس کی بیوی کو مبینہ طور پر اغوا کیا، جس پر الگ مقدمہ بھی پہلے سے درج ہے۔
درخواست گزار نے بعد ازاں نکاح نامہ کی تصدیق کے لیے اسسٹنٹ کمشنر بوریوالہ سے رجوع کیا۔ تصدیقی کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے دستاویزات میں مبینہ طور پر سامنے آیا کہ چک 435-ای بی میں قاری محمد یوسف نے نکاح پڑھایا تھا۔
درخواست گزار کا الزام ہے کہ متعلقہ افراد نے بعد میں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت بھی کی، تاہم اس نے نکاح نامہ کو جعلی اور بوگس قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کی درخواست کی۔
پولیس نے درخواست پر قاری محمد یوسف، طالب حسین، محمد اسلم اور بابر حسین کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



