شدید گرمی اور خشک سالی، لندن میں زمین دھنسنے سے گھروں کو خطرہ

لندن: یورپ میں رواں برس شدید گرمی اور خشک سالی نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے کے ساتھ ایک نیا سنگین مسئلہ بھی پیدا کردیا، لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں زمین دھنسنے کے واقعات سامنے آنے لگے ہیں، جس کے باعث گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے، دروازے جام ہونے اور کھڑکیوں کے ٹیڑھے ہونے کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق زمین کے دھنسنے کے اس عمل کو سائنسی زبان میں ’سبسائیڈنس‘ کہا جاتا ہے۔ برطانوی جیولوجیکل سروے کے مطابق غیر معمولی گرمی اور خشک موسم کے باعث زمین کی مٹی میں نمی کم ہونے سے اس کی ساخت تبدیل ہو رہی ہے اور مٹی سکڑنے کے نتیجے میں عمارتوں کی بنیادیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
لندن سمیت برطانیہ کے کئی علاقوں میں تعمیرات چکنی مٹی پر قائم ہیں، جو بارش یا نمی کے دوران پانی جذب کرکے پھیلتی ہے، تاہم گرم اور خشک موسم میں سکڑ جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پرانی عمارتیں اس خطرے سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ ان کی بنیادیں نسبتاً کم گہری ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق لندن کے نصف سے زائد مکانات 1945 سے قبل تعمیر کیے گئے تھے۔ برطانوی انشورنس کمپنی اویوا کے اعداد و شمار کے مطابق 2030 تک کینسنگٹن، سٹی آف لندن اور ویسٹ منسٹر سمیت وسطی لندن کے بعض علاقوں میں تقریباً تمام تعمیرات کو سبسائیڈنس کے خطرے کا سامنا ہوسکتا ہے۔
زمین دھنسنے کے واقعات کے باعث برطانیہ میں انشورنس کلیمز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ایسوسی ایشن آف برٹش انشوررز کے مطابق 2025 کے غیر معمولی گرم موسم کے دوران انشورنس انڈسٹری نے 41 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے ریکارڈ کلیمز ادا کیے، جبکہ 2026 کی دوسری سہ ماہی میں اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ادا کیے جا چکے ہیں۔ اوسط کلیم کی رقم بھی 27 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہنے اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ برطانوی جیولوجیکل سروے کے مطابق اگر گلوبل وارمنگ موجودہ رفتار سے جاری رہی تو 2070 تک صرف لندن میں 26 فیصد سے زائد جائیدادیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس خطرے سے نمٹنے کے لیے درختوں کی جڑوں کو عمارتوں کی بنیادوں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں قائم کرنے اور بنیادوں کے نیچے کنکریٹ بھرنے جیسے مہنگے اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں۔ کارڈف یونیورسٹی کی ماہر برونیلا بالزانو کے مطابق سبسائیڈنس فوری طور پر جان لیوا خطرہ نہیں، تاہم اس سے جائیداد کی قدر کم ہونے کے ساتھ مرمت پر بھاری اخراجات آ سکتے ہیں۔



