latest newsSports

رضا اللہ کی دھواں دار بیٹنگ، ڈیبیو پر کئی ریکارڈز قائم

برمنگھم: انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچا لیا اور کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔

رضا اللہ دوسری اننگز میں نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 63 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر 130 رنز کی برتری حاصل کی۔

رضا اللہ نے اپنی اننگز میں 9 چھکے لگائے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کے عالمی ریکارڈ کو برابر کردیا۔ محمد عباس نے بھی 42 رنز کی اننگز کے دوران 2 چھکے لگائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ نمبر 9 سے نمبر 11 تک کے بیٹرز نے ایک اننگز میں فاسٹ بولرز کو مجموعی طور پر 10 چھکے لگائے۔

رضا اللہ نے 43 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ فہیم اشرف کے پاس تھا، جنہوں نے 2018ء میں ڈیبیو پر 52 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تھی۔

رضا اللہ گزشتہ 15 سال میں ایک اننگز کے دوران فاسٹ بولرز کو 8 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے ہیں۔

برمنگھم ٹیسٹ میں رضا اللہ نے پہلی اننگز میں 11 جبکہ دوسری اننگز میں 81 رنز بنائے۔ یوں وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بھی بن گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا ہے۔ میزبان انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button