ملک ریاض کی اربوں روپے کی عوامی سرمایہ کاری بچانے کیلئے فوری حکومتی مداخلت کی اپیل

اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن کے بانی ملک ریاض حسین نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے بحریہ ٹاؤن کے تنازع کے حل اور اربوں روپے کی عوامی سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے فوری حکومتی مداخلت کی اپیل کردی۔
ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی املاک کی ضبطی، نیلامی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں رکاوٹ کے باعث ہزاروں پاکستانیوں کی جمع پونجی اور روزگار خطرے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2025ء کے بعد بحریہ ٹاؤن کا تنازع حل کرنے کے لیے مذاکرات یا حکومتی مداخلت کی یہ چوتھی اپیل ہے۔ تنازعات کو قانونی بنیادوں اور انسانی ہمدردی کے تحت حل کیا جائے۔
ملک ریاض نے مطالبہ کیا کہ تنازعات کے حتمی فیصلے تک کم قیمت پر ہونے والی نیلامی، منتقلی اور قبضے کے عمل کو روکا جائے تاکہ عوامی سرمایہ کاری کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
بحریہ ٹاؤن کی جانب سے شفاف نگرانی میں ترقیاتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق ترقیاتی سرگرمیوں سے وصول ہونے والی رقم کا ایک متفقہ حصہ واجبات کی ادائیگی کے لیے مختص کیا جا سکتا ہے۔



