حافظ نعیم الرحمان کا 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پاکستان کے مسائل پر کوئی بولنے والا نہیں، جبکہ عوام کو درپیش موجودہ حالات کا ذمہ دار ایک چھوٹا سا طبقہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا جواز پیش کیا جاتا ہے، لیکن حکومت بتائے کہ پیٹرول پر لیوی اور بھاری ٹیکسز کیوں عائد ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مقامی آئل کی قیمت بھی درآمدی آئل کے برابر وصول کی جا رہی ہے۔ حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ مجبور ہے اور پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں کر سکتی، جبکہ حکومت نے جماعت اسلامی کی ٹیم سے مسلسل مہلت مانگی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 27 روز سے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔



