شفیع جان کا رانا ثنا اللہ کے موبائل فون کے فرانزک کا مطالبہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے موبائل فون کا فرانزک کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانزک سے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا پتا چل جائے گا۔
شفیع جان نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تحریک انصاف نے نہیں کیا اور نہ ہی ہم 9 مئی کا سوچ سکتے ہیں۔ جس نے 9 مئی کیا، اس کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرامن طریقے سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھے گی، جبکہ دیگر شہروں کے لوگ اپنے اپنے شہر بند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ملحقہ شہروں کے لوگ اسلام آباد آئیں گے۔
شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پارٹی قیادت کے کسی رکن نے لانگ مارچ سے منع نہیں کیا۔ ان کے مطابق تحریک انصاف موجودہ نظام کو گرانے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے ہجوم سے انہیں گرفتار کرنا آسان نہیں ہوگا۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تو وہ بھی اپنے طور پر منصوبہ بندی کر چکے ہیں اور گرفتاری یا اٹھائے جانے کی صورت میں ریکارڈ کی گئی ویڈیوز سامنے لائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی کو اس وقت تک نہیں چھوا جا سکتا جب تک انہیں نااہل نہ کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی یا دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیے جانے کی صورت میں ردعمل کے لیے ویڈیوز تیار کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی 4 کروڑ لوگوں کے نمائندے اور فارم 45 کے واحد وزیراعلیٰ ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ اس سلسلے میں بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں احتجاج میں شرکت کی دعوت بھی دی۔



