latest newsPakistan

میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی، وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد (ہم شہری) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید، نشانِ حیدر، کی 61ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم یومِ شہادت پر میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی اور بے مثال شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دفاعِ وطن کی تاریخ میں میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی بہادری اور جرات کی روشن داستان ہے۔ 1965ء کی جنگ میں انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جان نچھاور کی۔ لاہور کے برکی سیکٹر میں میجر عزیز بھٹی شہید دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور 12 ستمبر 1965ء کو جامِ شہادت نوش کیا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم تمام شہداء بالخصوص میجر عزیز بھٹی شہید کے جذبہ حب الوطنی اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ شہداء کے نام ان کی قربانیوں کی طرح وطن سے بے لوث محبت کی علامت ہیں جبکہ میجر عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی قومی اثاثہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن کی مٹی گواہ ہے کہ اس کے بہادر سپوت اس کے تقدس اور دفاع کے لیے جان ہتھیلی پر رکھتے ہیں۔ ملکی تحفظ اور دفاع کا غیر متزلزل عزم پاکستانی قوم کی رگوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی بے مثل قربانی اور شجاعت قومی فخر کی علامت اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button