latest newsPakistan

سینیٹ استحقاق کمیٹی کی پی آئی اے اور اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: سینیٹ قواعد و ضوابط و استحقاق کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سید وقار مہدی کی زیرصدارت ہوا، جس میں پی آئی اے کی پرواز میں سینیٹر بلال احمد خان مندوخیل سے مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے پی آئی اے کیبن کریو کے مبینہ نامناسب رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ قانون کے مطابق ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کردی۔

کمیٹی نے سینیٹر بلال احمد خان مندوخیل سے پی آئی اے کی جانب سے رابطہ نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ سینیٹر بلال احمد خان نے ذمہ دار اہلکار کی برطرفی سمیت سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے عملے اور ذمہ داران کا نامناسب رویہ قومی ایئرلائن کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے۔

اجلاس میں ملتان ایئرپورٹ سے سگریٹ اسمگلنگ کے مبینہ واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس کے علاوہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی اے ایس ایف اہلکاروں کی مبینہ بدسلوکی سے متعلق استحقاق تحریک پر بھی غور ہوا۔ سینیٹر ثمینہ زہری نے لندن سفر کے دوران اے ایس ایف اہلکار کے نامناسب رویے کی شکایت کی۔ ان کے مطابق اہلکار نے ہینڈ کیری بیگ میں موجود نقد رقم سے متعلق سوال کیا، جبکہ بیگ کی تلاشی سائیڈ آفس میں لینے کی درخواست پر ڈیوٹی افسر کا رویہ بھی مبینہ طور پر نامناسب تھا۔

سینیئر اے ایس ایف افسر نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے معاملہ متعلقہ حکام اور پاکستان کسٹمز کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ کمیٹی نے اے ایس ایف اہلکاروں کو عوام سے بہتر طرز عمل کے حوالے سے مناسب تربیت دینے کی سفارش کرتے ہوئے واقعے کی انکوائری 15 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ذمہ دار قرار دیے جانے والے اے ایس ایف افسر کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں سینیٹر ندیم احمد بھٹو کی استحقاق تحریک علالت کے باعث مؤخر کردی گئی، جبکہ سینیٹر رانا محمود الحسن کی جانب سے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے خلاف استحقاق تحریک بھی مؤخر کردی گئی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button