latest newsShowbiz

بیجنگ گریٹ وال کنسرٹ، پاکستانی صوفی قوالی اور چینی موسیقی نے سماں باندھ دیا

بیجنگ: چین کی عظیم دیوار بادالنگ کے تاریخی پس منظر میں 2026 بیجنگ انٹرنیشنل گریٹ وال کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی صوفی قوالی، کلاسیکی موسیقی اور چینی روایتی دھنوں نے دونوں ممالک کی 75 سالہ سفارتی دوستی کو خراج تحسین پیش کیا۔

’’آئرن کلاڈ فرینڈشپ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ثقافتی تقریب میں پاکستان اور چین کے فنکاروں نے موسیقی، رقص اور گائیکی کے ذریعے دونوں ممالک کے ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔ پاکستان کی نمائندگی معروف کلاسیکی فنکارہ نگہت چودھری اور قوالی کے فنکار زین علی اور زوہیب علی نے کی۔

چین کی جانب سے ڈانس آرٹسٹ ژانگ جنگ ڈی، معروف کلوراچرا سوپرانو چانگ سی سی اور نوجوان گلوکار شو زیاؤ نے فن کا مظاہرہ کیا۔ فنکاروں کی پرفارمنس نے زبان اور ثقافت کی سرحدوں سے بالاتر ہوکر حاضرین کو محظوظ کیا۔

پاکستانی قوالی اور چینی روایتی موسیقی کی دھنیں بادالنگ کے قریب وانگ جنگ اسکوائر میں گونجتی رہیں۔ قوالی کے جوڑی دار فنکاروں نے سوشل میڈیا پر گریٹ وال پر پرفارمنس کو اپنے لیے اعزاز اور ناقابل فراموش تجربہ قرار دیا۔

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاک چین تعلقات میں بادالنگ گریٹ وال کی تاریخی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹ وال کے واچ ٹاورز 6 اور 7 کے درمیان واقع بادالنگ کا حصہ 1989 میں حکومت پاکستان کے تعاون سے بحال کیا گیا تھا۔

تقریب کا انعقاد بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ یان چھنگ ڈسٹرکٹ کی عوامی حکومت نے بھی تعاون کیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، چینی حکام، پاکستانی سابق سیکریٹری خارجہ و سفرا، ثقافتی نمائندوں اور فنکاروں نے شرکت کی۔

تقریب کے ذریعے موسیقی، رقص اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں پاک چین تعاون کے نئے امکانات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ کنسرٹ نے باہمی دوستی کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے کے عزم کو مزید تقویت دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button