واٹس ایپ چیٹس اور تصاویر ضائع ہونے سے کیسے بچائیں؟ بیک اپ لینے کا آسان طریقہ

اسلام آباد: واٹس ایپ روزمرہ زندگی میں پیغامات کے ساتھ تصاویر، ویڈیوز، دستاویزات اور دیگر اہم معلومات محفوظ رکھنے کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، تاہم فون خراب، گم یا تبدیل ہونے کی صورت میں بیک اپ نہ ہونے پر یہ ڈیٹا ضائع ہوسکتا ہے۔
واٹس ایپ میں موجود بیک اپ سہولت کے ذریعے صارفین اپنی چیٹ ہسٹری اور میڈیا محفوظ کرسکتے ہیں۔ اینڈرائیڈ صارفین واٹس ایپ کھول کر سیٹنگز، چیٹس اور چیٹ بیک اپ میں جائیں اور بیک اپ کے آپشن پر ٹیپ کریں۔ چیٹس کا بیک اپ گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ کیا جاسکتا ہے جبکہ خودکار بیک اپ کی فریکوئنسی بھی مقرر کی جاسکتی ہے۔
تصاویر اور ویڈیوز کو بھی بیک اپ میں شامل کرنے کے لیے ویڈیوز شامل کریں کا آپشن فعال کیا جاسکتا ہے، تاہم اس سے بیک اپ کا حجم بڑھ جاتا ہے، اس لیے گوگل اکاؤنٹ کی دستیاب اسٹوریج کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ بڑی فائلوں کی صورت میں وائی فائی استعمال کرنا بہتر ہے۔
آئی فون صارفین سیٹنگز، چیٹس اور چیٹ بیک اپ میں جاکر بیک اپ ناؤ کے ذریعے فوری بیک اپ بناسکتے ہیں۔ خودکار بیک اپ کے لیے روزانہ، ہفتہ وار یا ماہانہ آپشن منتخب کیا جاسکتا ہے، جبکہ بیک اپ آئی کلاؤڈ میں محفوظ ہوتا ہے۔
نیا فون سیٹ کرتے وقت وہی فون نمبر اور متعلقہ گوگل اکاؤنٹ یا آئی کلاؤڈ اکاؤنٹ استعمال کرنا ضروری ہے جس سے بیک اپ بنایا گیا ہو۔ اس کے بعد دستیاب بیک اپ کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ واٹس ایپ ایک فون سے دوسرے فون میں چیٹس منتقل کرنے کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نئے فون پر چیٹس اور میڈیا کامیابی سے بحال یا منتقل ہونے کی تصدیق سے پہلے پرانے فون سے واٹس ایپ ڈیٹا حذف یا فون ری سیٹ نہیں کرنا چاہیے۔
واٹس ایپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ کی سہولت بھی دیتا ہے، جس میں پاس ورڈ، پاس کی یا 64 ہندسوں کی انکرپشن کلید استعمال کی جاسکتی ہے۔ صارفین کو یہ معلومات محفوظ رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے کیونکہ بھول جانے کی صورت میں بیک اپ تک رسائی مشکل ہوسکتی ہے۔
اہم چیٹس، تصاویر اور دستاویزات رکھنے والے صارفین کے لیے بہتر ہے کہ بیک اپ باقاعدگی سے لیتے رہیں تاکہ فون خراب، گم یا تبدیل ہونے کی صورت میں اہم ڈیٹا واپس حاصل کیا جاسکے۔



