اے آئی سے انسانیت کے خاتمے کا خطرہ 10 فیصد ہے، جیفری ہنٹن نے خدشات کی تائید کردی

لندن: نوبل انعام یافتہ اے آئی ماہر اور ’’گاڈ فادر آف اے آئی‘‘ جیفری ہنٹن نے مصنوعی ذہانت سے انسانیت کے خاتمے کے خدشات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے آئی کے ہاتھوں انسانیت کے خاتمے کا امکان 10 فیصد ہے۔
برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جیفری ہنٹن سے جب اے آئی ماہر جیکب کاکسن کے اس خدشے سے متعلق سوال کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت اگلے 10 برسوں میں انسانیت کو ختم کرسکتی ہے تو انہوں نے اس امکان کو غلط قرار نہیں دیا۔
جیفری ہنٹن کے جواب پر انٹرویو لینے والی خاتون نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ’’واؤ، او مائی گاڈ‘‘ کہا اور کچھ دیر خاموش رہیں۔
واضح رہے کہ اے آئی کمپنی اینتھروپک کے مرکزی ریسرچر جیکب کاکسن مستعفی ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اے آئی کمپنیاں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں ایسی ٹیکنالوجی تیار کر رہی ہیں جو مستقبل میں انسانوں کے قابو سے باہر ہوسکتی ہے۔
جیکب کاکسن نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ موجودہ صورتحال سائنس فکشن جیسی محسوس ہوتی ہے، لیکن ان کے خیال میں یہ خطرہ ’’خوفناک حد تک حقیقی‘‘ ہے۔



