health & Foodlatest news

افغان میڈیکل طلبا سے متعلق پی ایم ڈی سی کا اعلامیہ جاری، 22 طلبا قانونی طور پر رجسٹرڈ

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان طلبا سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کردیا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق تمام غیرملکی طلبا پر کونسل کے قوانین اور ویزا پالیسی کا بلاامتیاز اطلاق ہوتا ہے، پاکستان میں طبی تعلیم کے لیے کسی مخصوص قومیت یا افغان طلبا پر کوئی پابندی عائد نہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبا کی نشاندہی ہوئی، تاہم ان میں سے صرف 22 طلبا پی ایم ڈی سی کے پاس قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ رجسٹرڈ 22 طلبا میں سے 14 اپنی تعلیم مکمل کرچکے ہیں جبکہ 8 آئندہ سال فارغ التحصیل ہوں گے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق باقی 176 افغان طلبا کے ریکارڈ اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ صرف میڈیکل ڈگری کا حصول پاکستان میں قیام یا طبابت کی اجازت نہیں دیتا، پاکستان میں پریکٹس کے لیے پی ایم ڈی سی کا لائسنس اور درست ویزا لازمی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ طلبا کو میڈیکل ایجوکیشن سسٹم کے تحت قانونی طالب علم تصور نہیں کیا جائے گا۔

پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ متاثرہ طلبا کو کاغذی کارروائی مکمل کرنے اور منظم و باعزت واپسی کے لیے سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تمام قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنے والے غیرملکی طلبا کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button