latest newsPoliticsWorld

ٹرمپ کا ریپبلکنز کی کامیابی پر ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر دینے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ریپبلکن پارٹی نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں کامیاب رہی تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر کا ’’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘‘ دیا جائے گا۔

ٹرمپ نے یہ اعلان ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ادائیگی کے طریقہ کار اور اس کے لیے رقم کے انتظام کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم کہا کہ یہ رقم صرف امریکا میں خرچ کی جائے گی۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اشارہ دیا ہے کہ ادائیگی کے لیے ٹرمپ کی جانب سے درآمدی اشیا پر عائد ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدنی استعمال کی جاسکتی ہے۔ تاہم ناقدین نے وعدے کی مالی اور قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

امریکا میں تقریباً 27 کروڑ بالغ افراد ہیں، اس حساب سے فی فرد 5 ہزار ڈالر کی ادائیگی پر امریکی حکومت کو تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر خرچ کرنا پڑ سکتے ہیں۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدنی سے امریکی شہریوں کو 2 ہزار ڈالر کے چیکس دینے کی تجویز پیش کرچکے ہیں، تاہم وہ ادائیگیاں عملی شکل اختیار نہیں کرسکیں۔ فروری میں امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے عائد کردہ بیشتر ٹیرف کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

ٹرمپ کے تازہ اعلان پر ڈیموکریٹس نے اسے ’’کھوکھلا وعدہ‘‘ قرار دیا جبکہ بعض ماہرین نے اس کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ دوسری جانب بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے ووٹ خریدنے کے بجائے ٹیکسوں میں کمی کے وعدے کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے، اس لیے یہ قانونی دائرے میں آسکتا ہے۔

امریکی وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے، جن میں کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کی نشستوں کا فیصلہ ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button