چین کے شپ یارڈ میں کارگو جہاز میں خوفناک آتشزدگی، 25 افراد ہلاک

چین: مشرقی چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں سرکاری شپ یارڈ میں مرمت کے لیے موجود غیرملکی کارگو جہاز میں آتشزدگی کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق آگ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر چنگ ڈاؤ بیہائی شپ یارڈ میں مرمتی اور معائنے کے دوران لگی۔ جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد سوار تھے، جن میں سے 12 کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر دوپہر تک قابو پالیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تیز کرنے، واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کی جاری کردہ تصویر میں متاثرہ جہاز کی شناخت ’اوشن میلوڈی‘ کے نام سے ہوئی ہے۔ جہاز سے متعلق شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یہ 20 سال پرانا لائبیریا کے پرچم والا خشک کارگو جہاز تھا، جو 31 اگست کو چنگ ڈاؤ شپ یارڈ پہنچا تھا۔
شپ یارڈ سرکاری ملکیتی چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن (CSSC) کے زیر انتظام ہے، جو چین کی بڑی شپ بلڈنگ کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



