ڈیجیٹل اثاثوں پر مفتی اعظم پاکستان کو اعتماد میں لیا ہے: بلال بن ثاقب

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جات کے معاملے پر مفتی اعظم پاکستان کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لیے شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ ان اثاثوں کے لین دین میں بورڈ سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کی لین دین کے حوالے سے مفتی اعظم پاکستان سے بھی رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے۔
چیئرمین ورچوئل ایسیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا کہ ڈیجیٹل ترسیلات زر کے ذریعے پاکستانیوں کے لیے ترسیلات کی لاگت میں ایک فیصد کمی آئے گی۔ موجودہ لاگت 6.5 فیصد ہے، جسے کم کرکے ایک فیصد تک لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ترسیلات زر کی لاگت کم ہونے سے پاکستان کو 41 کروڑ ڈالر تک کی بچت ہوسکتی ہے، جبکہ پاکستان ورچوئل ایسیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے 6 ماہ کے دوران غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے۔
بلال بن ثاقب کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کے تقریباً 4 کروڑ صارفین کی گنجائش موجود ہے۔



