16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست دائر

لاہور: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لیے وفاقی آئینی عدالت لاہور رجسٹری میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت، وزارتِ قانون، وزارتِ آئی ٹی اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عمر کی تصدیق کا مؤثر قانونی نظام موجود نہیں، جبکہ پیمرا ڈراموں اور اشتہارات میں ناخوشگوار اور ناشائستہ مناظر کی روک تھام کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ پر مؤثر عملدرآمد میں ناکام رہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آسٹریلیا، اٹلی اور برازیل کی طرز پر پاکستان میں بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر میکانزم قائم کیا جائے۔
درخواست گزار نے مزید استدعا کی کہ پیکا قانون میں ترمیم کرکے بچوں کے لیے عمر کی تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے، جبکہ ڈراموں اور اشتہارات میں ناشائستہ مناظر اور الکوحل کے استعمال کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔



