سائرہ پیٹر کی اوپیرا دھمال پر شاندار پرفارمنس، شائقین جھوم اٹھے

اسلام آباد(ہم شہری)بین الاقوامی شہرت یافتہ برٹش پاکستانی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اسلام آباد میں منعقدہ ’صوفی اوپیرا لائیو کنسرٹ‘ میں شاندار پرفارمنس سے حاضرین کو مسحور کردیا، اوپیرا دھمال پر وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی بھی جھوم اٹھے۔

نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے زیر اہتمام سائرہ پیٹر کے اعزاز میں منعقدہ موسیقی کی خصوصی محفل میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی تھے۔
سائرہ پیٹر نے مختلف زبانوں میں اوپیرا موسیقی پیش کرنے کے ساتھ مغربی اوپیرا اور صوفی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز 2026ء کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تقریب پی این سی اے کے فنون لطیفہ، ثقافتی تنوع اور پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔
کنسرٹ میں سائرہ پیٹر کی بین الاقوامی پرفارمنس پر مبنی شو ریل بھی خصوصی توجہ کا مرکز بنی۔

سائرہ پیٹر نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب ہونے پر شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لندن میں رہتی ہیں لیکن ان کا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے، کیونکہ اسی سرزمین پر ان کی پیدائش ہوئی۔
تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی اور سابق وفاقی وزیر سید جمال شاہ بھی موجود تھے۔



