پشاور کی تین بہنیں ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

لاہور: پشاور سے تعلق رکھنے والی تین بہنیں ماہ وش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی ایشین گیمز میں اسکواش کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
تینوں بہنوں کو قومی اسکواش اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اسکواش ٹیم کا تربیتی کیمپ پشاور میں جاری ہے، جبکہ ماہ وش علی ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں امریکا میں ٹریننگ کررہی ہیں۔
سابق اسکواش کھلاڑی اور تینوں بہنوں کے والد محمد عارف نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی تینوں بیٹیوں کا ایک ہی ایشین گیمز اسکواڈ میں منتخب ہونا ان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔
سحرش علی اس سے قبل چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ تینوں بہنوں نے ایک ساتھ قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان اسکواش اسکواڈ میں حمزہ خان، اصحاب عرفان، ناصر اقبال، نور زمان اور ثنا بہادر بھی شامل ہیں۔
امیر نواز ٹیم منیجر جبکہ فہیم گل کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔



