latest newsPakistan

اسلام آباد کو این ایف سی ایوارڈ میں مناسب حصہ دیا جائے: آئی سی سی آئی

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے وفاقی دارالحکومت کے لیے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں مناسب حصہ مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد کو بڑھتی ہوئی بنیادی ڈھانچے اور میونسپل سروسز کی ضروریات کے باوجود اپنے جائز مالی وسائل سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کو درپیش مالی مشکلات اس کی ترقی کو متاثر کر رہی ہیں، اس لیے بڑھتی ہوئی شہری ضروریات پوری کرنے کے لیے منصفانہ مالیاتی نظام ضروری ہے۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کی ملکی اداروں، معیشت اور مستقبل کی تشکیل میں مساوی شرکت کے بغیر پاکستان کی جمہوری طاقت، معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت ایک جامع اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ خواتین کو سرکاری اداروں، معاشی سرگرمیوں اور قومی پالیسی سازی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین کے لیے کاروبار، روزگار، تعلیم، ٹیکنالوجی اور عوامی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے والی پالیسیوں پر زور دیا۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ خواتین کی قیادت اب محض سماجی شمولیت کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی تبدیلی کے لیے ایک اسٹریٹجک ضرورت بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی وسائل کے ایک بڑے حصے کو مؤثر طور پر بروئے کار لائے بغیر پاکستان پائیدار اور جامع معاشی ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button