Businesslatest news

ٹرانسپورٹرز کا پولیس تحویل میں لیے گئے کنٹینرز فوری واپس کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(ہم شہری) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے گئے کنٹینر گاڑیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کے مختلف علاقوں، بالخصوص سنگجانی اور ترنول سے تقریباً 100 کنٹینر گاڑیاں پولیس نے تحویل میں لے رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینرز ممکنہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند کرنے کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کو چاہیے کہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں تحویل میں لینے کے بجائے وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں دستیاب خالی کنٹینرز کرائے پر حاصل کرے۔

محمد اویس چوہدری کے مطابق بعض ضبط شدہ گاڑیاں مبینہ طور پر ویران علاقوں میں کھڑی کی گئی ہیں، جبکہ کچھ گاڑیوں سے کنٹینرز بھی اتار لیے گئے، جس سے مالکان کو مالی نقصان اور کاروباری مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام کی جانب سے مال بردار سامان کے نقصان یا خراب ہونے کی ذمہ داری قبول نہ کیے جانے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو کنٹینرز سے سامان نکالنے میں بھی سہولت فراہم کرنا پڑی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق بعض ٹرانسپورٹرز نے شکایات کی ہیں کہ کچھ ضبط شدہ گاڑیاں اور کنٹینرز مبینہ طور پر رقم کی ادائیگی کے بعد چھوڑے گئے، جبکہ متعدد گاڑیاں تاحال پولیس کی تحویل میں ہیں۔ ایسوسی ایشن نے ان الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی سیاسی وابستگیاں انفرادی نوعیت کی ہیں، اس لیے گاڑیوں کی ضبطی کی مخالفت کو پی ٹی آئی سے سیاسی وابستگی نہ سمجھا جائے۔ تجارتی گاڑیاں تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے لیے ہیں، پولیس کی سکیورٹی یا سیاسی مقاصد کے لیے نہیں۔

ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا کہ تجارتی گاڑیوں کو سیاسی مقاصد کے لیے زبردستی استعمال کرنے سے ریاستی جبر کا تاثر پیدا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button