ایپل نے پہلا فولڈ ایبل آئی فون ’’ڈیو‘‘ متعارف کرا دیا

کیوپرٹینو: ایپل نے کئی سال بعد اپنے فلیگ شپ آئی فون میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فولڈ ایبل فون آئی فون ڈیو (Duo) متعارف کرا دیا۔
ایپل کے مطابق ڈیو پاسپورٹ جیسی شکل اور گول کناروں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فون کھلنے پر افقی اور عمودی دونوں انداز میں استعمال ہونے والی بڑی اسکرین فراہم کرتا ہے، جبکہ فولڈ ہونے کی صورت میں سامنے ایک چھوٹی اسکرین موجود ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کھلی حالت میں یہ ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہے۔
یہ تقریب نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان ٹرنَس کی سربراہی میں ایپل کا پہلا بڑا پروڈکٹ ایونٹ تھا۔ آئی فون ایکس میں 2017 میں فزیکل ہوم بٹن ختم کیے جانے کے بعد فولڈ ایبل آئی فون کو کمپنی کے فلیگ شپ فون میں سب سے نمایاں تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایپل نے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس بھی متعارف کرائے، جن کی ابتدائی قیمت بالترتیب 1,199 اور 1,299 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ دونوں ماڈلز کی قیمت گزشتہ نسل کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہے۔
کمپنی نے مصنوعی ذہانت سے متعلق نئے فیچرز بھی پیش کیے۔ ایپل کے مطابق اپ ڈیٹ شدہ سری اسسٹنٹ لانچ کے وقت 3 لاکھ ایپس کے ساتھ کام کرسکے گا، جبکہ آئی فون 18 پرو میں نیا A20 Pro چپ شامل کیا گیا ہے، جو جدید اے آئی ماڈلز کو براہِ راست فون پر چلانے میں مدد دے گا۔
اے آئی سے تیار یا تبدیل کی گئی تصاویر کی شناخت کے لیے ایپل نے Apple Reference Image نامی نیا معیار بھی متعارف کرایا ہے، جبکہ کمپنی اے آئی سے تیار کردہ تصاویر کی شناخت کے لیے SynthID معیار کو بھی سپورٹ کرے گی۔ تاہم Apple Reference Image فیچر یورپی یونین اور چین میں دستیاب نہیں ہوگا۔
ایپل نے نئی ایئر پوڈز، Apple Watch Series 12 اور Apple Watch Ultra 4 بھی متعارف کرائیں۔ کمپنی کے مطابق نئی گھڑیوں میں بہتر سینسرز اور نیا ایپل سلیکون شامل ہے، جو دل کی دھڑکن کی زیادہ درست نگرانی، فٹنس اور ریکوری سے متعلق نئے فیچرز فراہم کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہے۔ سام سنگ اور ہواوے 2019 سے فولڈ ایبل فونز فروخت کر رہے ہیں، تاہم یہ ڈیوائسز اب تک محدود صارفین، بالخصوص ٹیکنالوجی کے شوقین افراد تک ہی زیادہ مقبول رہی ہیں۔
ایپل کو توقع ہے کہ فولڈ ایبل فونز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمپنی اس شعبے میں تیزی سے مارکیٹ شیئر حاصل کرسکتی ہے۔ دوسری جانب نئے پروڈکٹ شیڈول کا مقصد ایپل کی سالانہ فروخت کو زیادہ متوازن بنانا بھی قرار دیا جا رہا ہے۔



