نیٹو روس سے طویل جنگی محاذ آرائی کی تیاری کر رہا ہے: روسی وزارت خارجہ

ماسکو: روسی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیٹو روس کے ساتھ طویل جنگی محاذ آرائی کی تیاری کر رہا ہے اور روسی سرحدوں کے قریب بڑے پیمانے پر فوجی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ماسکو میں بریفنگ کے دوران کہا کہ نیٹو نے روس کی شمالی سرحدوں کے قریب فوجی تیاریاں تیز کردی ہیں اور بڑے پیمانے پر جارحانہ نوعیت کی فوجی مشقیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق شمالی خطے میں نیٹو کی سرگرمیاں روس کی سلامتی کے لیے واضح اور براہ راست خطرہ ہیں۔
ماریا زاخارووا کا کہنا تھا کہ نیٹو کی فوجی صلاحیت میں اضافے کے منصوبے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اتحاد محدود دفاعی روک تھام سے آگے بڑھ کر روس کے ساتھ ممکنہ طویل اور مسلسل فوجی محاذ آرائی کی تیاری کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے خبردار کیا کہ روس کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے ضرورت پڑنے پر ماسکو اپنے تمام فوجی اور عسکری ذرائع استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے جرمنی کے لیپزگ ایئرپورٹ پر ڈرون ملنے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد جس انداز میں پروپیگنڈا کیا گیا، وہ کشیدگی بڑھانے کی پہلے سے طے شدہ کوشش ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات کا مقصد یورپی معاشرے میں روس مخالف جذبات کو مسلسل بلند سطح پر برقرار رکھنا ہے۔



