بابائے سوشلزم شیخ محمد رشید کی 24ویں برسی، تقریب 14 ستمبر کو لاہور میں ہوگی

لاہور(ہم شہری) بابائے سوشلزم شیخ محمد رشیدؒ کی 24ویں برسی کے موقع پر یادگاری تقریب 14 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ کے کراچی شہداء ہال میں منعقد ہوگی۔
تقریب کا آغاز دوپہر 12:30 بجے ہوگا، جس میں شیخ محمد رشیدؒ کی سیاسی، جمہوری اور عوامی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
تقریب کا موضوع "کیا آئین کے آرٹیکل 3 میں عوام کے معاشی مسائل کا حل موجود ہے؟” مقرر کیا گیا ہے، جس پر مقررین اظہارِ خیال کریں گے۔
شیخ محمد رشیدؒ پاکستان کی جمہوری، عوامی اور مزدور تحریک کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے پہلے صدر، پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور وفاقی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔
شیخ محمد رشیدؒ نے اپنی سیاسی جدوجہد کے دوران مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کی اور معاشی مساوات، جمہوری اختیار اور سماجی انصاف کے فروغ کو اپنی جدوجہد کا مرکز بنائے رکھا۔
بابائے سوشلزم فاؤنڈیشن کے صدر اور شیخ محمد رشیدؒ کے پوتے رضا اشفاق شیخ نے تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقریب ان کی سیاسی و فکری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کے عزم کی تجدید کا موقع ہوگی۔



