اینٹی کرپشن کا کریک ڈاؤن، لینڈ ریکارڈ افسر سمیت 2 پولیس اہلکار رشوت لیتے گرفتار

لاہور(عمران اسلم) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور قصور میں لینڈ ریکارڈ کے افسر سمیت 2 پولیس اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور نے ماڈل ٹاؤن لینڈ ریکارڈ سینٹر میں چھاپہ مار کر ایس سی او عثمان کو شہری سے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔ ملزم نے شہری سے فردِ ملکیت کے اجراء کے لیے رشوت طلب کی تھی۔
شہری کی درخواست پر اینٹی کرپشن ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ ملزم کے خلاف ٹریپ ریڈ کیا اور موقع پر نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر کرپٹ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اینٹی کرپشن لاہور نے پولیس اسٹیشن لوئر مال کے سب انسپکٹر محمد آصف کو بھی شہری سے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔
محمد آصف پر الزام ہے کہ اس نے مسمات نسرین بی بی سے تفتیش میں مدد فراہم کرنے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن قصور نے پولیس اسٹیشن الہ آباد کے اے ایس آئی فاروق کو بھی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔



