105 سالہ امریکی خاتون نے لمبی زندگی کا راز بتا دیا

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ خاتون بلنڈا ویڈوک نے اپنی طویل اور صحت مند زندگی کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کی مہربانی کے ساتھ چند سادہ عادات نے بھی انہیں صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں بلنڈا ویڈوک نے بتایا کہ وہ پوری زندگی ایتھلیٹک رہیں، ٹینس کھیلتی اور سوئمنگ کرتی رہیں جبکہ ہمیشہ متوازن اور اچھی غذا استعمال کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے اپنے بچوں، پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں اور ان کی اولاد کو بھی صحت مند غذا کھانے کا مشورہ دیا، تاہم مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس کے باوجود وہ جنک فوڈ کھانے سے باز نہیں آتے۔
105 سالہ خاتون نے کہا کہ آج زندگی بہت تیز رفتار ہوگئی ہے، جبکہ ماضی میں خاندان کے افراد ایک ساتھ بیٹھنے اور کھانا کھانے کے لیے وقت نکالتے تھے۔
بلنڈا ویڈوک کی پیدائش 1921 میں ہوئی اور انہوں نے بچپن فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں گزارا۔ جوانی میں انہوں نے ایک بینک میں ہفتہ وار 15 ڈالر کے عوض ملازمت بھی کی۔ اسی دوران ان کی ملاقات ہالی ووڈ کے معروف اداکار کلارک گیبل سمیت دیگر شخصیات سے ہوئی، جبکہ وہ نوجوان جان ایف کینیڈی سے بھی مل چکی ہیں۔
انہوں نے 1946 میں کوسٹ گارڈ چارلس ویڈوک سے شادی کی اور بعد ازاں ٹیکساس منتقل ہوگئیں۔
اپنی 105ویں سالگرہ کے موقع پر خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے والی بلنڈا ویڈوک آج بھی ذہنی طور پر متحرک ہیں اور اپنی زندگی کے واقعات سنانا پسند کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر صبح بیدار ہونے پر وہ اس بات پر شکر ادا کرتی ہیں کہ انہیں زندگی کا ایک اور دن ملا، کیونکہ ان کے نزدیک ہر دن ایک نعمت ہے۔
بلنڈا ویڈوک کے مطابق بڑھاپے کا سب سے افسوسناک پہلو لوگوں کو اپنی ذہنی صلاحیت کھوتے دیکھنا ہے، تاہم وہ خود اس حوالے سے خدا کی مہربانی محسوس کرتی ہیں۔
طویل زندگی کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے، ہر چیز میں اعتدال رکھا جائے اور اپنے جسم کا خیال رکھا جائے۔



