پنڈی بھٹیاں میں 6 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، سیکرٹری بلدیات کا دورہ
حافظ آباد/لاہور(عمران اسلم) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت 6 ارب روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
سیکرٹری بلدیات نے ستھرا پنجاب اور مثالی گاؤں پروگرام کے تحت دیہات میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف دیہات کی گلیوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے آپریشن اور میونسپل سروسز کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو سیوریج نظام کی بہتری کے میگا پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔ سیکرٹری بلدیات نے پی ڈی پی منصوبے کے تحت تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ سیوریج ٹینک کا بھی دورہ کیا۔
زید بن مقصود نے کہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے شہروں کی ترقی اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہات میں بھی صفائی کا یکساں معیار یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پی ڈی پی منصوبوں کے تمام تعمیراتی کام معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنڈی بھٹیاں میں سیوریج، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و بہتری کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 6 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔



