latest newsPakistan

لیسکو میں 252ویں پنشن تقریب کا انعقاد، بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بھی تیز

لاہور(عمران اسلم) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ہیڈکوارٹر میں جولائی 2026 میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں 252ویں پنشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ تھے۔

تقریب کے دوران 11 ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ادارے کے لیے ان کی شاندار، محنتی اور فرض شناس خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین میں PPO بکس بھی تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی خدمات اور لیسکو کی ترقی میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو اپنے محنتی، دیانت دار اور فرض شناس ملازمین کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تقریب میں چیف ایچ آر فرید اقبال، ڈائریکٹر ایچ آر معصومہ عادل، مینیجر کارپوریٹ فنانس محمد جاوید، ڈپٹی مینیجر ایڈمن اسماء امین اور ترجمان لیسکو رابعہ قادر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کی صحت، خوشحالی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

دوسری جانب لیسکو سنٹرل سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ایس ای سنٹرل سرکل کی نگرانی میں کینال روڈ سب ڈویژن میں ایم اینڈ ٹی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران دو صارفین کے میٹروں میں ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی، جبکہ ایک صارف کو ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوری میں ملوث تینوں صارفین کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں دے دی گئی ہیں، جبکہ چوری شدہ بجلی کے یونٹس کے مطابق ایس او پی کے تحت ڈیٹیکشن بلز بھی چارج کیے جائیں گے۔

اسی طرح ایس ای سنٹرل سرکل ثناء محمد کی ہدایات پر ایئر لائن سب ڈویژن کی ٹیم نے آرکیٹیکٹ سوسائٹی میں یوسف بروسٹ پر چیکنگ کی، جہاں صارف محمد یوسف کو ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوری سے محکمہ کو تقریباً 8 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ صارف کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ قواعد و ضوابط کے مطابق ڈیٹیکشن بل بھی جاری کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button