latest newsPakistan

گلگت اسمبلی کا اجلاس، گلیشیئر پروٹیکشن بل پیش ایوان میں پیش، منشیات اور کینسر کے تدارک کیلئے قراردادیں منظور

گلگت (تنویر احمد) گلگت بلتستان اسمبلی کا چوتھا اجلاس منگل کے روز سپیکر عمران ندیم شگری کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں نومنتخب رکن اسمبلی کی حلف برداری سمیت مختلف اہم معاملات زیر بحث آئے۔اجلاس کے آغاز پر گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 9 سکردو 3 کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب رکن اسمبلی اختر عباس ناشاد نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

سپیکر عمران ندیم شگری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے اختر عباس ناشاد نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کی مجموعی تعمیر و ترقی اور اپنے حلقے کے عوام کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے انتخابات میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے والے عوام، ووٹرز اور سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کریں گے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔اجلاس میں وزیر بلدیات ذوالفقار علی مراد نے گلگت بلتستان گلیشیئر پروٹیکشن بل 2026ء ایوان میں پیش کیا، جس پر سپیکر نے ہدایت کی کہ بل کو بحث کے لیے اگلے روز دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے۔

ایوان نے گلگت بلتستان کے اولین ڈپٹی چیف ایگزیکٹو اور سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فدا محمد ناشاد کی طویل سیاسی، پارلیمانی، انتظامی، علمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد رکن اسمبلی جسٹس (ر) صاحب خان نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کا مقتدر ایوان فدا محمد ناشاد کی طویل اور گراں قدر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔قرارداد کے مطابق فدا محمد ناشاد نے ابتدائی ادوار میں طویل عرصہ سرکاری ملازم کی حیثیت سے دیانتداری اور محنت سے عوام کی خدمت کی، جبکہ صحافی، ادیب اور شاعر کی حیثیت سے بھی طویل عرصے تک علم و ادب کے میدان میں خدمات انجام دیتے رہے۔

فدا محمد ناشاد نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز ڈسٹرکٹ ممبر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کی حیثیت سے کیا، جس کے بعد عوام نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مزید سیاسی و عوامی خدمت کے لیے رکن ناردرن ایریاز کونسل منتخب کیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ فدا محمد ناشاد نے 1999ء سے 2004ء تک ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے گلگت بلتستان کے سیاسی عمل کی سربراہی کی اور اس دوران خطے کے ترقیاتی عمل اور سیاسی ارتقاء میں اہم کردار ادا کیا۔

وہ 2015ء سے 2020ء تک گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر بھی رہے، اس دوران اسمبلی کے ارتقائی مراحل کو تیز کرنے اور اسے فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایوان نے ان کی علمی، ادبی اور سیاسی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے رکن اسمبلی فرمان علی کی قرارداد بھی زیر بحث آئی۔ سپیکر نے وزیر داخلہ کو منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔

فرمان علی نے کہا کہ گلگت بلتستان خصوصاً گلگت اور سکردو شہروں میں نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر ایوان کو شدید تشویش ہے۔ حالیہ تحقیقی رپورٹ میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا رجحان نوجوان نسل کے مستقبل، صحت اور معاشرتی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر منشیات کی روک تھام، منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور بحالی صحت کے مراکز کے قیام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

فرمان علی نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم، ہنرمندی اور دیگر صحت مند و مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ انہیں منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں بڑھتے ہوئے کینسر کے کیسز کے حوالے سے جسٹس (ر) صاحب خان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بھی بحث ہوئی۔

سپیکر نے وزیر صحت کو مسئلے پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔جسٹس (ر) صاحب خان نے کہا کہ کینسر کے موذی مرض کے باعث گلگت بلتستان میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، جبکہ اکثر مریضوں میں مرض کی تشخیص آخری مراحل میں ہوتی ہے، جب علاج کے امکانات انتہائی محدود رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے اخراجات انتہائی زیادہ ہونے کے باعث مریضوں کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اور بعض خاندان اپنی جمع پونجی اور اثاثے تک علاج پر خرچ کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ حکومت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں کینسر اسکریننگ اور بنیادی تشخیصی ٹیسٹوں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرے۔ اس مقصد کے لیے گلگت بلتستان کینسر ہسپتال کی خدمات حاصل کرتے ہوئے گھر گھر جا کر جامع اسکریننگ اور ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں تاکہ مرض کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔جسٹس (ر) صاحب خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس اہم عوامی مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر توجہ دیتے ہوئے خصوصی فنڈز مختص، پائلٹ منصوبہ شروع اور ایوان کو اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔
بعد ازاں سپیکر عمران ندیم شگری نے اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button