فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والے فنکاروں میں راج کپور سب سے کامیاب اسٹار کڈ؟

بالی ووڈ میں فلمی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں، جنہیں عام طور پر ’اسٹار کڈز‘ کہا جاتا ہے، پر اکثر تنقید کی جاتی ہے، تاہم بھارتی سنیما کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو ’شو مین‘ راج کپور کو کامیاب ترین اسٹار کڈز میں شمار کیا جاتا ہے۔
راج کپور نے محض 27 برس کی عمر میں فلم ’آوارہ‘ (1951) بنائی، جس نے نہ صرف بھارت بلکہ سوویت یونین، چین اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
فلم ’آوارہ‘ کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی اور کینز فلم فیسٹیول میں اس کی نامزدگی بھارتی سنیما کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔ اس کامیابی نے راج کپور کو عالمی سطح پر نمایاں شناخت دلائی۔
راج کپور نے اپنے والد پرتھوی راج کپور کی فلمی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے آر کے اسٹوڈیوز کے پلیٹ فارم سے ایسی فلمیں تخلیق کیں جنہوں نے بھارتی سنیما کو عالمی ناظرین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی فلموں کی مقبولیت بالخصوص سوویت یونین اور چین سمیت متعدد ممالک میں غیر معمولی رہی، جس کے باعث راج کپور کو بھارتی سنیما کے ان فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے ملکی فلموں کو عالمی سطح پر مقبول بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔



