latest newsWorld

پاکستان کی ویزا پالیسی، 69 ممالک بزنس اور 24 ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار کرلی، جس میں بزنس، ٹورسٹ، گرانٹ ویزا سمیت مختلف ممالک کے ساتھ ویزا معاہدوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 69 ممالک پاکستان کی بزنس ویزا فہرست میں شامل ہیں، جن میں آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، چین، فرانس، جرمنی، جاپان، کویت، کرغزستان، قازقستان، ملائیشیا، مالٹا، قطر، سوئیڈن، برطانیہ، امریکا اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بزنس ویزا کیٹیگری کے تحت سرمایہ کاروں کو 5 سال تک کا طویل مدتی ملٹی پل انٹری ویزا حاصل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس کیٹیگری میں شامل ممالک کے کاروباری افراد آن لائن درخواست دینے کی صورت میں 24 گھنٹے کے اندر ویزا حاصل کرسکیں گے۔

کاروباری افراد کو پاکستان پہنچنے پر 30 دن کا ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں، جن میں کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، جرمنی، اٹلی، چین اور ڈنمارک سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ ٹورسٹ ویزا پر پاکستان آنے والے افراد کی ذمہ داری مقرر کردہ ٹورسٹ آپریٹر پر ہوگی۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق گرانٹ ویزا کیٹیگری میں بنگلادیش، بھارت، اسرائیل، نائجیریا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل پہلے بھی سخت ترین سیکیورٹی فہرست میں شامل تھا اور اس حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسرائیلی شہریوں کی پاکستان آمد بدستور ممنوع اور سخت ترین حکومتی اجازت سے مشروط رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 36 ممالک کے ساتھ بغیر ویزا سفر کے معاہدے بھی موجود ہیں، جن کا اطلاق سرکاری، سفارتی اور دہری شہریت کی مختلف کیٹیگریز پر ہوتا ہے۔

وزارت داخلہ وقتاً فوقتاً ویزا پالیسی کا جائزہ لے کر اس حوالے سے رپورٹ جاری کرتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button