latest newsPoliticsWorld

صوبوں کے معاملے پر بزنس فورمز نہیں، قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے: بلاول بھٹو

لندن: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، صوبوں کے معاملے پر بزنس فورمز کے بجائے قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث ہونی چاہیے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا مؤقف واضح ہے، اگر سسٹم ناکام ہوا ہے تو اس کی وجوہات اور ممکنہ حل پر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نکال سکتی، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی اور عوامی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملک کی قسمت چند کاروباری افراد کے ہاتھ میں نہیں چھوڑی جا سکتی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ صوبوں اور نظام سے متعلق معاملات پر پارلیمان میں بحث کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی پارلیمان میں کم آتے ہیں، انہیں بزنس فورمز کے بجائے پارلیمان میں آکر اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ سسٹم کیوں ناکام ہوا اور اس کا حل کیا ہے؟ ان معاملات پر کھل کر بحث ہونی چاہیے تاکہ مسائل کا سیاسی اور جمہوری حل تلاش کیا جا سکے۔

آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں انتخابات پر تحفظات ہیں۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمان کی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ ماضی میں جو کچھ ہوا اسے پیچھے چھوڑ کر آئندہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button