latest newssci&tech

اے آئی چیٹ بوٹس استعمال نہ کرنے والے طلبہ کی کارکردگی بہتر، نئی تحقیق

پیرس: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تدریسی سرگرمیوں کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس استعمال نہ کرنے والے طلبہ نے اے آئی استعمال کرنے والے طلبہ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انجمن اقتصادی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) کی تعلیم سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں اے آئی ٹیکنالوجی کے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ میں اے آئی سے دور رہنے والے طلبہ کے سائنس ٹیسٹ کے نتائج کا موازنہ چیٹ بوٹس استعمال کرنے والے 484 طلبہ کے اسکور سے کیا گیا۔ نتائج کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس استعمال نہ کرنے والے طلبہ کا اوسط اسکور 509 رہا، جبکہ چیٹ بوٹس استعمال کرنے والے طلبہ نے اوسطاً 481 پوائنٹس حاصل کیے۔

تحقیق کے مطابق دونوں گروپس کے درمیان 28 پوائنٹس کا فرق تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے کے دوران مسلسل برقرار رہا۔

اسی نوعیت کے نتائج اے آئی کے دیگر تعلیمی استعمال، بشمول کسی نئے موضوع پر تحقیق کرنے اور مطالعے کے بعد خلاصہ تیار کرنے کے معاملات میں بھی سامنے آئے۔

محققین کے مطابق کسی چیز کو سیکھنے کے لیے صرف مواد کو یاد کرنا ضروری نہیں، بلکہ ذہنی جدوجہد اور خود سوچنے کا عمل نئے مواد کو سمجھنے اور سیکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تحقیق میں تجویز کیا گیا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو مستقل بیساکھی کے بجائے عارضی معاونت کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ طلبہ کے ذہنی اور سیکھنے کے عمل کو فائدہ پہنچے۔ محققین نے خبردار کیا کہ اے آئی پر ضرورت سے زیادہ انحصار تعلیمی مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ان محققین نے اس سے قبل 2022 میں بھی اسی نوعیت کی تحقیق کی تھی، جب اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے مقبول ہونا شروع ہوئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button